اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس کا مقص صوبوں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا نظام تشکیل دینا ہے، کمیٹی کورونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اعداد وشمار کو ایک جگہ جمع کیا جا رہا ہے، وفاق اور صوبوں کے درمیان روابط کو پختہ کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ 534 کیسز ہیں، جس میں سے پنجاب میں 104، سندھ میں 269 مریض ہیں، کورونا وائرس کے 5 مریض صحت یاب ہو چکے جب کہ 3 کا انتقال ہوا ہے۔