ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہوگا یا نہیں، فیصلہ 29 مارچ کو متوقع

دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال اکتوبر ، نومبر میں آسٹریلوی میدانوں میں کھیلا جانا ہے، تاہم کورونا وائرس کے عفریت نے جہاں کھیلوں کے میدانوں کو اُجاڑ کر رکھ دیا ہے، وہیں کرکٹ بھی اس سے محفوظ نہیں رہ سکا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کےحکام کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ 29 مارچ کو کیا جائے گا، تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیف کیون رابرٹس کو بھرپور یقین ہے کہ تمام کھیل چند ہفتوں یا مہینوں میں معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوجائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے رکن ممالک کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ ہونے والی ٹیلی کانفرنس کے بعد واضح کردیا ہے کہ آسٹریلیا میں رواں سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کورونا وائرس کے باعث بے یقینی صورتحال سے دوچار ہے کیونکہ حکومت آسٹریلیا نے اپنی سرحدیں بند کر کے صرف اپنے شہریوں کو وطن واپسی کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم چونکہ میگا ایونٹ کے آغاز میں سات ماہ کا عرصہ باقی ہے لہٰذا خیال ہے کہ ٹورنامنٹ اپنے وقت پر کھیلا جا سکے گا اور تب تک کورونا کے عفریت پر قابو پالیا جائے گا۔