آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، عبدالرزاق اور بلال افضل نے پریس کانفرنس کے دوران آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے 18 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔
جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بعد کیا جائے گا۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز 10 سے 14 مئی تک ہے جب کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز 22 سے 30 مئی تک کھیلی جائے گی۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان 22 مئی کو لیڈز میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے بعد کیا جائے گا اور اسکواڈ کو 18 سے 15 رکنی کردیا جائے گا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیموں کے اعلان کی آخری تاریخ 24 مئی ہے۔
دورۂ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ حسن علی اور سلمان علی آغا کو 18 رکنی اسکواڈ میں دوبارہ شامل کیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز کے 17 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ بولر زمان خان جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
رکن سلیکشن کمیٹی محمد یوسف نے بتایا کہ اعظم خان جو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قبل انجری کا شکار ہوگئے تھے وہ اب فٹ ہیں جب کہ محمد رضوان بھی اب مکمل فٹ ہیں اور دونوں کھلاڑی 18 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
محمد یوسف کا کہنا تھا حالیہ سیریز بہت اچھی گئی ہے، بہت سے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے، آنے والی سیریز بہت اہم ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا ورلڈکپ کی ٹیم کے اعلان کے لیے ہمارے پاس ابھی ٹائم ہے جب کہ وہاب ریاض کا کہنا تھا ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے ٹی 20 ورلڈکپ ٹیم پر بات چیت ہوگئی ہے، سب ایک پیج پر ہیں، فٹنس سے متعلق ایک دو کھلاڑیوں کو دیکھنا ہے، ورلڈکپ اسکواڈ سے متعلق سب کلیئر ہیں، فٹنس دیکھ کر ہم اعلان کردیں گے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا عثمان خان بہتر ہورہا ہے، ہمیں اسے سپورٹ کرنا چاہیے، عثمان خان کو ان کی بہترین کارکردگی پر لائے، انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ ہوتا ہے، کامیابی اور ناکامی کھیل کا حصہ ہے۔
اسامہ کو ڈراپ کرنے سے متعلق سوال پر عبدالرزاق کا کہنا تھا ٹیم میں شاداب اور ابرار ہیں، اس لیے اسامہ کو سلیکٹ نہیں کیا، صائم ایوب میں پوٹینشیل بہت ہے انہیں ایک اننگز کی ضرورت ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا حسن علی پہلے بھی زیر غور تھے لیکن وہ کاؤنٹی کے لیے چلے گئے تھے، اب حارث رؤف کے بیک اپ کے طور پر حسن علی ٹیم میں شامل ہیں۔
اٹھارہ رکنی قومی اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

EnglandIrelandPakistan team announceTours