وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو کوروناکے خاتمہ تک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو وباء کے خاتمے تک اضافی تنخواہ دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو وباء کے خاتمے تک اضافی تنخواہ دیں گے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوں اور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ڈاکٹروں اور طبی عملے کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے ۔ پنجاب حکومت کورونا مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کواپریل سے اضافی تنخواہ دی جائے گی اور وباء پر قابوپانے تک ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے نے دن رات اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کا خیال رکھ کرحقیقی مسیحا ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔غیرمعمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات وقت کا تقاضا ہے ۔حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ اپوزیشن وباء کے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہیں آئی ۔اپوزیشن رہنما قومی اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔وباء کے دنوں میں نفاق پھیلانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کے بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے ۔پہلی ترجیح عوام کو کورونا سے بچانا ہے ، باقی معاملات چلتے رہیں گے ۔ خود کو احتساب کے لئے قانون کے سامنے پیش نہ کرنے والے دوسروں کو انصاف کا لیکچردے رہے ہیں ۔قانون کے کٹہرے میں خود کو آتا دیکھ کر سابق حکمران خوفزدہ ہو چکے ہیں

۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے قوم کو مضبوط ہیلتھ سسٹم نہ دے سکے۔