کراچی: وائس آف سندھ کے تحت سٹیزن جرنلزم کا کورس متعارف کرایا جارہا ہے، اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس آف سندھ کے دفتر میں منعقد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وائس آف سندھ کی یوتھ موبیلائیزیشن کونسل کی سربراہ اور معروف اینکرپرسن ناجیہ میراور موکس کے سربراہ عبید الرحمٰن نے معاہدے پر دستخط کیے۔
طلبا کو تدریس کے ساتھ عملی صحافت کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر عمیر ہارون
اس موقع پر سربراہ وائس آف سندھ ڈاکٹر عمیر ہارون کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت سندھ کی جامعات کے طلبا کو بلامعاوضہ سٹیزن جرنلزم کا کورس کرایا جائے گا، موکس کی جانب سے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ طلبا کو صحافت کی تعلیم کے ساتھ عملی صحافت کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ معاہدہ اسی کاوش کی ایک اہم کڑی ہے۔
اس موقع پر وائس آف سندھ کی جانب سے سید جاذب شمیم ،فائزہ قریشی اور چودھری اسامہ سعید موجود تھے۔