قومی احتساب بیورو (نیب) نے میر شکیل الرحمان کیس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے اراضی کیس میں میاں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، نواز شریف کو اشتہاری کرانے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
میاں نواز شریف متعدد بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے، انہوں نے نیب کے سوالنامے کا جواب بھی نہیں دیا۔
خیال رہے کہ نیب نے میر شکیل الرحمان کو اراضی کیس میں گزشتہ ماہ مارچ میں گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کیا تھا۔ ان پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں 54 پلاٹ حاصل کرنے کا الزام ہے، نیب حکام نے انھیں طلب کیا اور تفتیش کے بعد اُنھیں گرفتار کر لیا۔
نیب ترجمان کے مطابق 1986 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے 180 کنال اراضی پر استثنیٰ قرار دیتے ہوئے اسے ہدایت علی اور حاکم علی کے نام الاٹ کیا تھا، جب کہ اس کی پاور آف اٹارنی میر شکیل الرحمن کے پاس تھی۔