قسمت میں جو نہ ہو وہ دُعا سے ضرور ملتا ہے!

غفران احمد

زیادہ تر انسانوں کا اپنے بارے میں نقطہ نظر اور ذہنی نظریہ یہ ہوتا ہے کہ وہ خود کو غیر منطقی دلیل کی بنیاد پر بدقسمت جانتا ہے۔ وہ قدرتی طور پر اِسی کی نسبت کام انجام دینا شروع کردیتا ہے ۔ انسانی زندگی میں کئی نازک موڑ آتے ہیں جہاں انسان کیلئے کسی ایک بات پر سمجھوتہ کرنا خاصا مشکل اور کھٹن مرحلہ ثابت ہوتا ہے ۔ یاد رہے یہ آزمائشیں امتحانات روزِ ازل سے (جب پروردگار نے آدم ؑ کو تخلیق کیا) چلتا آیا ہے۔

جس شے کو آپ بدل نہ سکیں اُس کے ساتھ سمجھوتہ کرلیا کریں، کبھی کبھی زندگی میں آپ کو ایسے حالات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جہاں ہر مسائل کا حل فقط سمجھوتہ نہیں ہوتا بلکہ آپ کو اپنے ارادوں میں مضبوط ہوکر دائمی حل کی تلاش میں رہنا پڑتا ہے۔ مگر اپنی کسی بھی خواہش کو جنون نہ بنائیں کیونکہ زندگی میں کچھ چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو ہمارے لئے نہیں ہوتی اور ہمیں کبھی نہیں مل سکتیں، چاہے ہم کتنا ہی روئیں، چلّائیں یا پھر بچوں کی طرح ایڑیاں رگڑیں ۔

جس چیز کو مانگنے کیلئے دن رات محنت کریں اپنے ربّ عزوجل کے حضور دعائیں کریں اگر وہ قسمت میں لکھی ہے تو آپکو ضرور ملے گی ۔ یوں سمجھ لیں کہ پروردگار کو آپ کا مانگنے کا سلیقہ و لگن بیحد پسند ہے ۔ اگر آپ کو اپنی خواہشات کے مطابق نہ ملے تو اِس بات پر آپ کا بھروسہ قائم رہنا چاہیے جو ہوتا ہے اچھے کیلئے ہوتا ہے چونکہ وہ چیز آپ کیلئے تخلیق نہیں کی گئی ۔

اِس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ زندگی میں کچھ ہمارے لئے ہوتا ہی نہیں ۔ سو مانگنے کا سلیقہ اور لگن کو برقرار رکھنا ہے پھر چاہے راستہ کتنا ہی دشوار کیوں نہ ہو، پس مایوس نہ ہوتے ہوئے دُعا کی بدولت آپکو ضرور ملے گا اور ملتا ہے ۔ اپنے رب کو یاد رکھیں کیونکہ وہی آپ کی پکار سنتا ہے، اپنے رب اور اُس کے محبوب کو راضی کرلیں زندگی میں دُعا کی قبولیت اور پُرسکوں کیف ضرور میسر ہوگا ۔