کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ طیارہ حادثے کے جائے وقوع پہنچے اور وہاں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کو انتظامیہ نے امدادی کاموں کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں جانیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے، میں نے تمام ہسپتالوں کو الرٹ کیا ہے۔
انہوں نے عوام کو علاقے میں رش نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رش ہونے سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ حادثے کے باعث علاقے کے گھروں کو بھی نقصان ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گھروں کے مکینوں کی ہر طرح سےمدد کی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو روزے کے باوجود امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ایمبولینس سروس اور ان کے عملے کی خدمات بھی قابل تعریف ہیں۔
بعد ازاں مراد علی شاہ نے جہاز حادثے میں معجزانہ طور بچنے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کی دارالصحت ہسپتال میں عیادت کی۔