دورۂ انگلینڈ، یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

لاہور: عظیم بلے باز اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان کو دورۂ انگلینڈ کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورۂ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کی صورت میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار اداکرے گا۔