دورہؑ انگلینڈ: کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان دو روز میں متوقع

لاہور: دورۂ انگلستان کے حوالے سے قومی کرکٹرز کی ٹریننگ کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے ہیڈ کوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق اور پی سی بی حکام کی مشاورت جاری ہے۔
اس ٹور کی خاطر 25 سے 27 کھلاڑیوں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کے ساتھ ایمرجنگ کیٹیگری کے تینوں کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، تینوں فارمیٹ کے حالیہ اسکواڈز کا حصہ رہنے والے کرکٹرز کو بھی کیمپ میں بلایا جائے گا، تربیتی کیمپ 7 جون سے شروع ہوگا۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اور دیگر متعلقہ حکام یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ماحول میں کتنے کھلاڑیوں کو رکھنا مناسب ہوگا، رہائشی سہولتیں ناکافی ہونے پر متبادل انتظام کیا ہوگا۔
خیال رہے کہ منتخب کرکٹرز کو جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور میں قرنطینہ ٹریننگ کرنا ہے، جس کے لیے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔