جنگلی حیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کسی جانور کی روزمرہ کی زندگی اور اس کے بچوں سے اس کا تعلق دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوسکتا ہے، ایسے ہی ایک خوشگوار تجربے سے جنوبی افریقہ کے سیاح بھی دو چار ہوئے۔
جنوبی افریقہ کے کگر نیشنل پارک میں اس وقت سیاحوں کی سانسیں رک گئیں جب انہوں نے ایک مادہ تیندوا کو اپنے 2 ننھے منے بچوں کے ساتھ سڑک پار کرتے دیکھا۔
گاڑیوں میں نیشنل پارک کی سیر کو آئے سیاحوں نے جب تیندوے کو گزرتے ہوئے دیکھا تو اپنی گاڑیاں روک لیں اور تیندوے کو گزرنے دیا۔
مادہ تیندوا دراصل کسی ممکنہ خطرے سے بچوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے لے جانا چاہتی تھی لیکن بیچ سڑک پر دونوں ننھے بچے رک گئے اور ناسمجھی میں واپس وہیں جانے لگے جہاں سے آئے تھے۔
ماں واپس آئی اور ایک بچے کو گردن سے پکڑ کر واپس لے جانے لگی۔
سیاح اس سارے منظر کو دم سادھے دیکھتے رہے اور اپنے موبائلوں سے اس نایاب منظر کی تصاویر بھی بنائیں۔
ایک سیاح نے بعد میں میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو پہلی بار اس نیشنل پارک میں لے کر آئے اور اس خوبصورت منظر کی وجہ سے اس کا پہلا ہی دورہ نہایت یادگار بن گیا۔
حکام کے مطابق نیشنل پارک میں تیندوے اور چیتے تو موجود ہیں تاہم ان کی ننھے بچوں کے ساتھ اس طرح حرکت بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔