بھارت نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ، بھرپور اور فی الفور جواب دیں گے، شاہ محمود

اسلام آباد: مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم تو اپنا دفاع اللہ کے کرم سے کرلیں گے لیکن بھارت لداخ پر جواب دے۔
اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، ہم افغان امن عمل کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، ہم کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، بھارت نے جو کشمیریوں سے رویہ روا رکھا ہوا ہے، اس صورت حال میں بھارت سے بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں اور بھارت کی بربریت کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، اگر بھارت نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ، بھرپور اور فی الفور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک بھارت سے نالاں ہیں، نیپال اور بنگلادیش آپ سے کیوں نالاں ہے؟ چین سے آپ کا مسئلہ کیا ہے؟، امیت شاہ اور مودی بتائیں کہ لداخ میں کیا ہورہا ہے؟ بھارتی میڈیا اس حوالے سے کیوں خاموش ہے؟، آپ نے متنازع علاقے میں شرارت کی، اس پر ردعمل فطری تھا، ہم تو اپنا دفاع اللہ کے کرم سے کرلیں گے، آپ لداخ پر جواب دیں؟، کیا آپ کا سرجیکل اسٹرائیک کا رعب صرف پاکستان کے لیے ہے؟، بھارتی حکمران پاکستان کو سافٹ ٹارگٹ سمجھتے ہیں لیکن پاکستان سافٹ ٹارگٹ نہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت معاشی طورپر پٹ چکا، یونیورسٹی آف شکاگو، یونیورسٹی آف پنسلوانیا اور خود بھارتی معاشی تحقیقی مرکز کی رپورٹ بتارہی ہیں کہ لاک ڈاؤن سے بھارت کا ستیاناس ہوچکا، اس کے 84 فیصد کنبوں کی آمدن گر گئی، 11 سال میں بھارت میں اتنی کم شرح نمو نہیں تھی، بھارتی شہریوں کے لیے خوراک اورغذائی قلت کا چیلنج بہت بڑھ چکا، بھارت کو جموں وکشمیر اور لداخ میں مار پڑ رہی ہے۔

بھارتپاکستانشاہ محمود