راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر آرمی چیف، جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلح افواج کی تمام میڈیکل کور کو تعیناتی کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج شام ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 80 برس قبل آج ہی کے دن ہمارے رہنماؤں نے منزل کا تعین کیا، اب ہمیں ایک نیا چیلنج درپیش ہے، غیور قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر اس وبا پر قابو پالے گی۔
انھوں نے کہا کہ کور کمانڈر کانفرنس میں کرونا سے نمٹنے کے لیے ایکشن پلان کا جائزہ لیا گیا ہے، آرمی چیف نے مسلح افواج کی تمام میڈیکل کور کو تعیناتی کا حکم دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا خدشہ، یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے
انھوں نے کہا کہ عوام متحد ہوکر ہی اس چیلنج سے نبرد آزما ہوسکتے ہیں، پاکستان کو اس وقت کورونا وائرس کا بڑا چیلنج درپیش ہے، افواج پاکستان اپنی ذمے داریوں سے آگاہ ہے۔