اداکارہ عظمیٰ خان کا ملک ریاض کے اہل خانہ پر مبینہ تشدد کا الزام، ملک ریاض کی تردید

اداکارہ اور ماڈل عظمیٰ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی بیٹیوں نے اپنے گارڈز کے ساتھ زبردستی ان کے گھر میں گھس کر انھیں مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
انھوں نے یہ الزام منگل کے روز سامنے آنے والی ویڈیو کے بعد اپنی ایک طویل فیس بک پوسٹ میں عاید کیا، انھوں نے پنجاب پولیس سے اس مبینہ واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی ہے۔
اس ضمن میں سامنے آنے والے پہلی ویڈیو میں ایک خاتون کو اداکارہ اور ان کی بہن کو دھمکاتے اور اپنے شوہر کے ساتھ مبینہ تعلقات کے متعلق سوالات کرتے سنا جا سکتا ہے، خاتون اس ویڈیو میں خود نظر نہیں آرہی ہیں۔


اگلے روز مزید ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئیں، چند افراد مبینہ طور پر اداکارہ عظمیٰ خان کے گھر میں بلااجازت داخل ہوتے اور وہاں توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ ساتھ عظمیٰ خان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ہراساں کرتے نظر آتے ہیں۔ اس ویڈیو میں چند خواتین کو عثمان نامی شخص کو پکارتے سنا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض نے اپنے ٹویٹس میں اس معاملے سے اپنے تعلق کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے اسے یکسر رد دیا۔ ملک ریاض نے اپنے ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام عاید کرتے ہوئے قانونی کاررائی کا عندیہ دیا ہے۔

انھوں نے لکھا: میں ایک وائرل ویڈیو میں اپنے سے منسلک اس جھوٹے پروپیگنڈا کو مسترد کرتا ہوں، عثمان میرا بھانجا نہیں ہے، مجھے اس طرح بدنام کرنے کی اخلاق سے گری کوشش پر بہت حیرانی ہوئی ہے اور صدمہ پہنچا ہے۔ میرا ایسے کسی بھی واقعے سے کسی بھی حیثیت میں کوئی تعلق نہیں ہے۔’
انھوں نے مزید کہا کہ جس کسی نے بھی جان بوجھ کر اس واقعے کا تعلق مجھ سے جوڑ کر میری ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے میں اس کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروا رہا ہوں۔’

عظمیٰ خانملک ریاض