پاکستانی امن دستے انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن مشنز کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج پاکستان اپنے بہادر امن دستوں کے قربانی کے جذبے کو یاد کرتا ہے، پاکستانی امن دستے دنیا کے دشوار گزار اور شورش زدہ علاقوں میں انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت عالمی امن کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
واضح رہے کہ آج امن دستوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے امن دستوں کی کاوشوں اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کا اعتراف کرکے انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔