اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 1 لاکھ سے زائد ہوگئی جب کہ 2 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوچکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 23 ہزار 100 ٹیسٹ ہوئے جب کہ 4960 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ کورونا مریضوں کے حوالے سے ملک میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 187 ہوگئی، 33 ہزار 976 مریضوں نے اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔
پنجاب میں کورونا مریض 37 ہزار 90 ہوگئے ۔ اسی طرح سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 221، اسلام آباد میں 4 ہزار 979، آزاد کشمیر 375 اور گلگت بلتستان میں 927 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والے افراد کی تعداد 2032 ہوگئی۔
اس وبا سے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 683، سندھ میں 634 ، خیبر پختون خوا میں 561، بلوچستان میں 54، وفاقی دارالحکومت میں 45، گلگت بلتستان میں 13 جب کہ آزاد کشمیر میں 8 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔