لاہور: شہبازشریف کے خلاف سنگین نوعیت کے کیسز ہیں، میں نے دم کیا تو شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے، ان خیالات کا اظہار وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیائے سیاست میں عمران خان کے کردار کو یاد رکھا جائے گا،انہوں نے آئی ایم ایف کی قسطوں کے التوا کے لیے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی اور چینی سے متعلق رپورٹس عمران خان کے دور میں نکلیں ، وزیراعظم آٹا اور چینی بحران میں ملوث کسی فرد کو نہیں چھوڑیں گے، اگریہ لوگ اب چھوٹ گئے تو پھر کبھی قابو نہیں آئیں گے، میرے سمیت اس میں کوئی وزیر شامل ہوا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اسد عمر نے چینی پر سبسڈی نہیں دی بلکہ اس کا فیصلہ پنجاب میں ہوا، مجھے نہیں پتا اس معاملے کا نزلہ پنجاب میں کس پر گرے گا۔
وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان بیان بازی پر شیخ رشید نے کہا کہ پہلے گولا باری سندھ کی جانب سے ہوئی، قومیں قدرتی آفات میں مسائل کو بانٹتی ہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں سب کے متحد ہونے کا ہے۔ سمجھتا ہوں لڑائی کو آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کورونا وائرس کا تدارک نہیں ہوسکا، جو نقصان یورپی ممالک میں ہوا اللہ نے پاکستان کو اس سے بچالیا۔ وزیراعظم سے درخواست کی علماء کا خاص طور پر خیال رکھا جائے، بڑی مساجد میں 200 یا 500 نمازی فاصلے سے نماز تراویح ادا کرسکتے ہیں۔