حکمرانوں میں سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، وفاق صوبوں کو کمزور کررہا ہے، زرداری

کراچی: آصف زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں، جلد اچھا وقت آنے والا ہے، موجودہ حکمرانوں‌ میں‌ سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، وفاقی حکومت صوبوں کو مضبوط بنانے کے بجائے مزید کمزور کررہی ہے.
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پارٹی رہنماوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ وفاق میں بیٹھے افراد میں سیاسی ادراک اور سوجھ بوجھ نہیں رکھتے، وفاقی حکومت صوبوں کو مضبوط بنانے کے بجائے مزید کمزور کررہی ہے، 2008 کے انتخابات میں بلوچستان کی تمام قوم پرست جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا، ہم نے انہیں قومی دھارے میں لانے کی ذمے داری اٹھائی تھی۔ موجودہ حالات میں حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہ کیا تو خوف ناک صورت حال جنم لے سکتی ہے۔
قمز زمان کائرہ اور چودھری منظور سے پارٹی امور سے متعلق گفتگو میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں، جلد اچھا وقت آنے والا ہے، مقدمات کا کوئی خوف نہیں، پہلے بھی عدالتوں میں مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2008 کےعالمی بحران میں کسانوں، مزدوروں کو سپورٹ کیا، ہمارے سپورٹ پروگرامز سے ملکی معیشت واپس آئی، ٹڈی دل کی ایک سال پہلے وارننگ دی تھی لیکن حکمرانوں کو سمجھ نہیں آئی، ہم گندم، چینی، کپاس باہر بھجوارہے تھے اور موجودہ حکمران درآمد کررہے ہیں۔