امریکی صدر سے متعلق سنگین انکشافات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے اپنی کتاب میں انھیں جھوٹا اور خود پسند شخص قرار دیا ہے۔میری ٹرمپ کی کتاب کا عنوان ‘بہت زیادہ اور ہمیشہ ناکافی’ جب کہ ذیلی عنوان (سب ٹائٹل) ‘کس طرح میرے خاندان نے دنیا کا سب سے خطرناک انسان تخلیق کیا‘ رکھا ہے۔میری ٹرمپ امریکی صدر کے بڑے بھائی آنجہانی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی بیٹی ہیں اور امریکی صدر ان کے سگے چچا ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق کتاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق حیران کن الزامات سامنے آئے ہیں۔میری ٹرمپ نے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ گھمنڈ، خود پسندی اور خود ساختہ جہالت کا شکار ہیں۔امریکی صدر کی بھتیجی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اچھی یونیورسٹی میں داخلے کے لیے اپنے دوست کو بڑی رقم ادا کرکے اسے اپنی جگہ امتحان میں بٹھوایا تھا۔میری ٹرمپ کے مطابق امریکی صدر کو خواتین سے مسئلہ ہے ،وہ لکھتی ہیں کہ ٹرمپ نے ایک طرف انھیں منشیات کا عادی قرار دیا دوسری جانب انھیں نوکری پیش کرکے خود کو ان کا نجات دہندہ کے طور پر پیش کیا۔میری ٹرمپ مزید لکھتی ہیں کہ انہوں نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو ٹرمپ فیملی کے ٹیکس سے متعلق دستاویزات فراہم کیں۔کتاب کی مصنفہ نے اپنے چچا سے متعلق لکھا کہ ‘ ڈونلڈ ٹرمپ ایک کمزور انا کے مالک ہیں اور اسے مضبوط کرنے میں لگے رہتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ وہ ویسے نہیں جس طرح وہ خود کو پیش کرتے ہیں
میری ٹرمپ کی کتاب 14 جولائی کو شائع کی جائے گی جب کہ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کتاب میں کیے گئے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کتاب کی اشاعت روکنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔