نیروبی: زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بنا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
زمبابوے کی ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب ریجنل کوالیفائر میچ میں گیمبیا کے خلاف ریکارڈ 344 رنز بنا ڈالے۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 314 رنز بنانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا، جو اس نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں منگولیا کے خلاف بنایا تھا۔
نیروبی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 344 رنز بنائے۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے زمبابوے کی جانب سے پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری بنائی۔
سکندر رضا نے 33 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 43 گیندوں پر 133 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 15 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔