اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پر فرد جرم عائد کردی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں میگا منی لانڈرنگ کیس سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف زرداری اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کے ضمنی ریفرنس میں آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور پر فرد جرم عائد کردی۔ حسین لوائی، طحٰہ رضا، محمد عمیر، مصطفیٰ مجید، سلمان یونس، عمران خان، محمد اورنگزیب اور بلال شیخ سمیت مجموعی طور پر 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کرنے کی استدعا کردی۔
آصف زرداری نے فوری ٹرائل روکنے کی بھی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کیا جائے، جعلی اکاؤنٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں ریفرنس خارج کیا جائے۔