آج فلسطینیوں کیساتھ جو ہورہا وہ کل کو ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، زارا نور

کراچی: اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ آج فلسطین کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے، وہ کل کو ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔
زارا نور عباس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے نظر آئیں، اداکارہ نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے پاکستان کے لیے اس لیے قربانیاں دی تھیں تاکہ مستقبل میں جب بھی کسی مسلمان پر ظلم ہو تو ہم اُن کے حق میں بول سکیں۔
زارا نور عباس نے اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموشی اختیار کیے ہوئے فنکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی! اس وقت یہ بھول جائیں گے کہ بین الاقوامی سطح پر آپ کا کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا آپ ٹام کروز کے ساتھ کوئی بڑی فلم کرنے والے ہیں، یہ وقت چپ رہنے کا نہیں بلکہ حق کے لیے آواز بُلند کرنے کا ہے۔
زارا نے کہا کہ جس طرح دنیا کو فلسطین کی پروا نہیں، بالکل اسی طرح کسی کو پاکستان کی پروا بھی نہیں لہٰذا آج ہی ظلم کے خلاف بولیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم حق پر کھڑے ہیں۔
زارا نور عباس نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ مل کر بہت بڑا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کیونکہ اُنہیں اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ مسئلہ ہے، اس مشکل میں تمام مسلمان ایک ہوکر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جو ظلم معصوم فلسطینیوں کے ساتھ ہورہا ہے، وہ کل کو ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، اگر آج ہم خاموش رہے تو کل کو ہمارے لیے بھی کوئی نہیں بولے گا۔
آخر میں اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کے ذریعے حق کا ساتھ دیں، کل کو ہم پر بھی تباہی آسکتی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بدترین اور وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3700 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

 

Israel attackpalestineSocial Media PostViralzara noor abbas