زیمبیا: سڑک کنارے سے 27 تارکینِ وطن کی لاشیں برآمد

لوساکا: انسانی تاریخ کا ایک اور سانحہ رونما ہوا ہے، زیمبیا کے دارالحکومت لوساکا کے شمال میں نگویرے کے علاقے میں سڑک کنارے سے 27 غیر مقامی افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
مقامی پولیس کے ترجمان ڈینی مولے نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ممکنہ طور پر ان افراد کی موت راستے میں دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ ان افراد کا تعلق ایتھوپیا سے تھا جو جنوبی افریقا کے لیے ہجرت کررہے تھے، تاہم موت واقع ہونے کے بعد لاشوں کو سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔
جائے وقوعہ سے ایک زندہ بچ جانے والے شخص کو فوری مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زندہ بچ جانے والے شخص کو ہانپتے ہوئے پایا گیا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دیگر افراد کی موت بھی دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ اِن 28 افراد کی عمریں 20 سے 38 سال کے درمیان ہیں، جنہیں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے پھینک دیا تھا۔ لاشوں کو زیمبیا یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال کے مردہ خانے میں پہنچادیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ زیمبیا تارکین وطن کے لیے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے جہاں سے زیادہ تر افراد غیر قانونی طور پر جنوبی افریقا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، اس سے قبل ہمسایہ ملک ملاوی میں حکام نے اکتوبر میں ایک اجتماعی قبر سے ایتھوپیا کے تارکین وطن کی 25 لاشیں دریافت کی تھیں۔

found 27 migrants dead bodiesRoadsideSouth AfricaZambia