ایئرمارشل ظہیر احمد بابر پاک فضائیہ کے نئے سربراہ مقرر!

اسلام آباد: ایئرمارشل ظہیر احمد بابر کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر مارشل ظہیر احمد بابر کو نیا ایئرچیف مقرر کردیا گیا ہے جو 19 مارچ کو عہدہ سنھالیں گے اور وزیراعظم عمران خان نے ان کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
نئے ایئرچیف کا تعلق گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز اسکول، ایئروار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے اپنی پڑھائی مکمل کی۔
ایئر مارشل ظہیر احمد بابر اِس وقت بطور ڈپٹی چیف انتظامی امور خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے 1986 میں بحیثیت فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ کی جی ڈی (پائلٹ) برانچ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ایئر مارشل ظہیر احمد بابر فائٹر اسکواڈرن، آپریشنل ایئربیس اور علاقائی کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ آفیسرز) اور ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ایئرمارشل ظہیر احمد بابر وزارت دفاع میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری رہ چکے، انہیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
خیال رہے ایئرچیف مارشل مجاہد انور کل اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے جب کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران ان کی خدمات کے اعتراف میں ’نشان امتیاز‘ ملٹری سے نوازا۔

AppointNew Air ChiefZaheer Ahmad Babar