لاہور: سابق کپتان محمد یوسف کی سربراہی میں پی سی بی نے سابق اسٹارز کھلاڑیوں پر مشتمل کہکشاں قائم کردی۔
محمد یوسف کو لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ انہوں نے 1998 سے 2010 تک مشتمل اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 7530 اورایک روزہ کرکٹ میں 9720 رنز بنائے۔
محمد یوسف کے علاوہ عتیق الزمان اور محمد زاہد بالترتیب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں فیلڈنگ/ وکٹ کیپنگ اور فاسٹ بولنگ کوچز کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔
ان تین تقرریوں کے علاوہ مشتاق احمد پہلے سے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمے داریاں ادا کررہے ہیں، علاوہ ازیں یہ چاروں کوچز کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشان دہی کرنے اور ان میں بہتری لانے کی غرض سے قومی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کی معاونت بھی کریں گے۔
سابق قومی کرکٹرز عبدالرزاق، اعزاز چیمہ، باسط علی، فیصل اقبال، غلام علی، ہمایوں فرحت، عرفان فاضل اور ظفر اقبال ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں ایسوسی ایشنز کی کوچنگ کریں گے۔ عبدالرزاق (خیبرپختونخوا)، باسط علی (سندھ)، فیصل اقبال (بلوچستان)اور شاہد انور (سینٹرل پنجاب) کے علاوہ عبدالرحمٰن (سدرن پنجاب) اور محمد وسیم (ناردرن) بھی مصباح الحق کی نئی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لیے نئے خیالات اور حکمت عملی کے حامل ستاروں سے بھری کہکشاں پر مشتمل کوچنگ لائن اپ کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد ایک فاتحانہ ماحول بنانے کے لیے کوچنگ کے معیاری اسکلز پر سرمایہ کاری کرنا ہے۔