کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ بابراعظم اور ٹیم انتظامیہ کو اظہر علی اور فواد عالم کی ناقص فارم کے باوجود ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز یونس خان نے مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے اور وہ اپنی فارم کے ساتھ مسلسل جدوجہد کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی حالیہ پرفارمنس کو نظرانداز کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فواد اور اظہر علی جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ فواد عالم نے کھیل میں شان دار کم بیک کیا ہے تاہم وہ فارم میں نہیں ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کو اس وقت ان کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
یونس خان نے ٹیسٹ اوپنر عبداللہ شفیق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز بہترین فارم میں کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عبداللہ شفیق ملک کا نام روشن کرنے کے لیے اسی طرح اپنی کارکردگی دکھاتے رہیں گے۔