کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق عظیم بلے باز کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے یونس خان کی ٹیم سے علیحدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونس جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوس ناک ہے، تاہم دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختصر دورانیے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور پُرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت کے تبادلے کے لیے مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔
پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یونس خان کے عہدہ چھوڑنے کے باعث دورۂ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔ اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی، جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔