حج کا خواہشمند نوجوان سائیکل پر بیلجیئم سے سعودیہ پہنچ گیا

ریاض: بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ مسلم نوجوان انس الرزقی نے 4,500 کلومیٹر کا طویل سفر سائیکل پر طے کرکے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ کر ایمان، عزم اور جذبے کی شاندار مثال قائم کردی۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں، جب دنیا عبادات میں مصروف تھی، انس الرزقی نے روزے کی حالت میں یورپ سے حجاز مقدس کا منفرد اور صبر آزما سفر شروع کیا۔ انہوں نے آسٹریا، اٹلی، بوسنیا سمیت کئی ممالک عبور کیے اور روزانہ اوسطاً 100 کلومیٹر سائیکل چلاتے ہوئے مکہ مکرمہ کا رُخ کیا۔
انس الرزقی نے بتایا کہ یہ ایک خواب تھا، ایک نعمت ہے، میں نے کئی راتیں مساجد میں بسر کیں۔ یہ سفر آسان نہیں تھا، مگر ایمان اور صبر نے ہر مشکل آسان بنادی۔
جب وہ سعودی عرب کے حلّت عمار بارڈر پر پہنچے تو ان کا شاندار استقبال پھولوں اور عربی قہوے کے ساتھ کیا گیا۔ حج پرمٹ کے بیج کے ساتھ وہ بارڈر سیکیورٹی کے عملے کے ساتھ دستاویزات مکمل کرتے دکھائی دیے۔
اس سے پہلے اسپین کے تین نو مسلم عازمین حج—عبدالقادر، عبداللہ اور طارق نے گھوڑوں پر سوار ہوکر 8,000 کلومیٹر کا سفر طے کرکے حجاز مقدس کا سفر مکمل کیا تھا۔ انہوں نے یہ سفر 8 ماہ قبل شروع کیا اور 35 سال بعد اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی دیرینہ خواہش پوری کی۔

 

Anas Al ReskyBelgiumCycling 4500 KMHajjMuslim Young ManReach Saudi Arabia