اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ پشاور/ کوئٹہ: مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر آئینی بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر قوم کل (بدھ) یوم استحصال منائے گی۔
مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے صبح کے وقت ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
گذشتہ برس اگست میں بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد سے فسطائی مودی حکومت جموں و کشمیر میں مسلم اکثریتی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے بدستور جبر و تشدد اور دھوکا دہی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
اس دن صدر ڈاکٹرعارف علوی بھی ایک ریلی کی قیادت کریں گے جب کہ تمام وزرائے اعلیٰ اپنی متعلقہ اسمبلیوں میں مقبوضہ وادی کے عوام پر بھارت کے مظالم کی مذمت کریں گے۔
بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے نام ایک پیغام میں کل مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔