اسلام آبادٜ کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر حکومت نے ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق این سی او سی میں یوم علیؓ کے انعقاد سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور قومی کوآرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے کی جب کہ وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی سیکریٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اجلاس میں ملک بھر اور خاص طور پر بڑے شہری مراکز میں کووڈ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجالس کے انعقاد کی اجازت سخت کووڈ ایس او پیز کے تحت ہوگی، فورم نے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماؤں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔