کراچی: ملک کے مختلف شہروں سے یوم شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں جلوس برآمد ہوگئے۔
کراچی میں یوم علیؓ کی مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور فضائل حضرت علیؓ بیان کیے۔
مجلس کے بعد یوم علیؓ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں، نمائش چورنگی، سی بریز پلازہ، صدر، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسنیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔
مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگاکر سیل کیا گیا ہے، جلوس کی گزرگاہ میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اندرون لاہور میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس رات گئے مبارک حویلی سے برآمد ہوا، یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صبح کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجودہے، جلوس کے راستوں کی جانب کھلنے والی تمام گلیاں اور بازار خاردار تار اور قناتیں لگاکر بند کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ کوئٹہ میں یوم شہادت حضرت علیؓ کی مناسبت سے ہزارہ ٹاؤن میں جلوس نکالا گیا، اس موقع علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔