پشاور: پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ نے مبینہ زیادتی کیس میں بے گناہ ٹھہرائے جانے کے بعد بیان جاری کیا ہے۔
یاسر شاہ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ سچ غالب آگیا، مجھ پر لگایا گیا زیادتی کا الزام میرے اہل خانہ، مداحوں اور پی سی بی کی سپورٹ اور دعاؤں کی بدولت خارج ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب ان لوگوں کے مجھ پر کیے گئے مکمل یقین کے بغیر ممکن نہ تھا، عالمی سطح پر میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہوں، جس کسی نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی وہ پاکستان کی بدنامی ہوگی۔
یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ میرے لیے وہ وقت بہت مشکل تھا لیکن پھر بھی میں نے خود کو ذاتی طور پر مقابلہ کرنے سے روکا اور سچائی کو بے نقاب کرنے کے لیے عدالتوں میں لے جانے کا ارادہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے نفرت کرنے والے لوگ ہی اپنے مفاد کی خاطر اس حد تک گر سکتے ہیں۔
اپنے بیان کے آخر میں قومی کرکٹر نے کہا کہ جن لوگوں نے میرا نام خراب کرنے کی کوشش کی ہے اُن کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کے خلاف 14سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے اور زیادتی میں معاونت کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ یاسرشاہ کے دوست فرحان نے گن پوائنٹ پرزیادتی، ویڈیو بھی بنائی اورہراساں کیا، فرحان اوریاسر شاہ نے دھمکی دی کہ کسی کو بتایا تو ویڈیو وائرل کردوں گااورجان سے بھی ماردوں گا۔