کراچی: اداکار یاسر حسین ایک موبائل فون کمپنی کی جانب سے ارطغرل غازی کی ہیروئن اسریٰ بلجک (حلیمہ سلطان) کو برانڈ ایمبسیڈر بنانے پر پھٹ پڑے۔
ایک معروف موبائل کمپنی نے ’’ارطغرل غازی‘‘ کی مرکزی اداکارہ اسریٰ بلجک کو اپنے موبائل فون کا برانڈ ایمبسیڈر مقرر کیا ہے تو یاسر حسین نے ایک بار پھر اپنی آواز اٹھاتے ہوئے مقامی اداکاراؤں کی جگہ ایک غیر ملکی اداکارہ کو برانڈ ایمبسیڈر بنانے پر احتجاج کیا ہے۔
گزشتہ روز یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اسریٰ بلجک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے سوال پوچھا تھا کہ ’’آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبسیڈر پاکستانی ہونی چاہیے؟ نہ بھارتی اور نہ ترک اداکارہ؟‘‘
بعدازاں انہوں نے ایک اور اسٹوری میں پاکستان کی قریباً تمام بڑی اداکاراؤں اور ماڈلز کے نام لکھ کر کہا ’’کیا ماہرہ خان، صباقمر، سونیاحسین، منال خان، ایمن خان، امر خان، زارا نور عباس، ہانیہ عامر ، ثنا جاوید، یمنیٰ زیدی، ارمینا خان، سارہ اور حرامانی کوئی اس قابل نہیں کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبسیڈر بن سکے؟‘‘
یاسر حسین مزید لکھا کہ پاکستانی اداکاراؤں کو سپورٹ کریں پاکستان زندہ باد۔ اوپر بیان کی گئی لسٹ میں یاسر حسین نے اپنی اہلیہ اقرا عزیز کا نام نہ لکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اقرا کا نام اس لیے نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی ایک موبائل برانڈ کی ایمبسیڈر ہے۔
اس پوسٹ پراداکارہ منال خان نے تائید کرتے ہوئے کہا یاسر حسین بالکل درست کہہ رہے ہیں، لیکن ہمارے لوگ انہیں غلط ضرور ثابت کریں گے۔