کیا آپ جیک لنڈن، ہیمنگ وے، مارک ٹوئن سے ملنا چاہتے ہیں؟ کیا آپ نوبیل انعام یافتہ ادیب ایلس منرو، ٹونی موریسن اور آئزک بشوس سنگر کو پڑھنے کے خواہش مند ہیں؟ یا بکر اور پلٹزر پرائز سے نوازے جانے والے ایلس واکر اور مارگریٹ ایڈورڈ کی کہانیوں کی تلاش میں ہیں؟
تو آپ ٹھیک پہنچ گئے، یہ کتاب آپ کے تمام سوالات کا جواب ہے۔
قصہ کچھ یوں ہے صاحب کہ یاسر حبیب کی ترتیب کردہ کتاب امریکی کہانیاں کراچی سے شایع ہوگئی، کتاب میں کُل 45 افسانے ہیں، ادبی حلقوں کی جانب سے اس کاوش کو قابل تعریف ٹھہرایا گیا ہے۔
شان دار گیٹ اپ کی اس کتاب کا حصہ بننے والے افسانوں کے لکھاریوں کا تعلق امریکا اور کینیڈا سے ہے۔ کتاب میں شامل 39 ادیبوں کی تخلیقات کے اردو تراجم 19 مختلف ترجمہ نگاروں کی عرق ریزی کا نتیجہ ہیں۔ اس کا حصہ بننے والے چند افسانے انگریزی ادب کے نصاب میں بھی شامل ہیں۔
یاسر حبیب کے مطابق انہوں نے کتاب کے لیے ہر ادوار کے ادیبوں کے افسانے منتخب کیے ہیں، کتاب میں افسانوں کی ترتیب ادیب کی تاریخ پیدائش کے مطابق رکھی گئی ہے۔ اس طرح آغاز سے موجودہ دور کے زندہ ادیبوں تک کے منتخب افسانے شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کتاب میں زیادہ تر افسانے خصوصی طور پر کتاب کے لیے ہی ترجمے کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ عالمی ادب پر گہری نظر رکھنے والے یاسر حبیب ماضی میں بھی قارئین اردو تک اہم کتب پہنچاچکے ہیں، جن کی تفصیلات کچھ یوں ہے:
عالمی ادب کے اردو تراجم-1(50 منتخب افسانوں کے اردو تراجم)
عالمی ادب کے اردو تراجم -2 (50 منتخب افسانوں کے اردو تراجم)
عورت کتھا (عالمی ادب سے خواتین ادیبوں کے افسانوں کے اردو تراجم)
یاسر حبیب فیس بک پر موجود اردو کے معتبر اور سب سے بڑے ادبی گروپ، عالمی ادب کے اردو تراجم کے روح رواں بھی ہیں، کتاب میں موجود مترجمین بھی اپنے تراجم اس گروپ میں پیش کرتے رہے ہیں۔
بڑے سائز کے 524 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت: 1500 روپے ہے، اسے سٹی بک پوائنٹ، نوید اسکوائر، اردو بازار، کراچی نے شایع کیا ہے، فری ہوم ڈیلیوری کی سہولت موجود ہے۔
پبلشر رابطہ نمبر 03122306716