معروف برطانوی فن کار، یاسر اختر کی سال گرہ کی منفرد تقریب

کراچی: معروف پاکستانی نژاد برطانوی فن کار یاسر اختر نے دو نئی نویلی دلہنوں کے ساتھ اپنی سال گرہ منائی۔
تفصیلات کے مطابق یہ تقریب کراچی کے ایک فارم ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں مشہور فن کاروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر فلم رنگ دو رنگی میں بہ طور ہیروئن جلوہ گر ہونے والی نمرہ شاہد عرفان موتی والا فیضان شیخ پلوشہ حمیدہ بانو اور دیگر معروف آرٹسٹ بھی موجود تھے۔
اداکارہ نمرہ شاہد اور پلوشہ نے سال گرہ میں شرکت کے لیے خصوصی برائیڈل ملبوسات تیار کرائے تھے۔ تمام شوبزنس شخصیات نے مل کر یاسر اختر کی سال گرہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔

یاسر اختر نے اس موقع پر بتایا کہ لاک ڈاؤن اور کورونا کی وجہ سے میری فیملی برطانیہ میں ہی ہے، سال گرہ کے موقع پر اپنی والدہ کو مس کر رہا ہوں، جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے، میں آج جو کچھ بھی ہوں، ان کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، ساتھ ہی لندن میں مقیم اپنی فیملی کو بہت یاد کررہا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ فن کار برادری بھی میری فیملی کی طرح ہے، اس لیے ان کے ساتھ برتھ ڈے سیلیبرٹ کرنے کا سوچا، میں تمام فن کار دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میری خوشیوں میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ یاسر اختر کے کام یاب ٹی وی ڈراموں میں، دستک، تپش، خواب سُہانے، یہ جہاں، مون سون، پھر یوں ہوا، کشش اور راہیں شامل ہیں۔
ان کے گائے ہوئے گانوں میں کبھی تو ہوگا میرا ملن، چاندنی، تیرے نال دِل ملیا، پیار دیاں گلاں، جوگی، مائی لَو، سایاں، سنسنی اور ٹیک اِٹ ایزی نے بے حد مقبولیت حاصل کی۔
حال ہی میں ان کی ڈائریکٹ کی ہوئی فلم آزاد میں جاوید شیخ کی بیٹی اور مشہور اداکارہ مومل شیخ اور یاسر اختر کی پرفارمینس کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی تھی۔

Yasir akhtarیاسر اختر