کراچی: الٰہ دین پارک سے متصل شاپنگ ایریا اور پویلین اینڈ کلب گرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جس میں کہا گیا ہے کہ پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ ایریا غیر قانونی ہے، اس لیے الٰہ دین پارک کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے ملبہ فوری ہٹایا جائے جب کہ ایڈمسنٹریٹر کے ایم سی اور کمشنر کراچی 2 روز میں کارروائی مکمل کریں۔
عدالت نے انتظامیہ کو 16جون کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے الٰہ دین پارک سے متصل پویلین اینڈ کلب اور پارک کے شاپنگ سینٹر کو 2 روز میں گرانے کا حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے تھے کہ غیر قانونی طور پر زمین کو کنورٹ کرکے کمرشل کردیا گیا، لہٰذا پولیس اور رینجرز کی مدد سے فوری کارروائی کی جائے۔
عدالت عظمیٰ نے راشد منہاس روڈ پر یو بی ایل کمپلیکس سے متصل زمین بھی خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔
اس کے علاوہ کشمیر روڈ سے تمام تجاوزات کو ختم کرنے سمیت کے ڈی اے کلب، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول و دیگر تعمیرات بھی گرانے کا حکم دیا تھا۔