مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج 2025 کے دوران صحت و سلامتی کے شعبے میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے دنیا کی جدید ترین اسمارٹ موبائل اسٹروک ایمبولینس متعارف کرادی ہے، جو موقع پر ہی فالج (stroke) کی تشخیص اور ابتدائی علاج فراہم کرتی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے یہ موبائل یونٹ مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی موبائل اسٹروک ایمبولینس ہے، جو مکمل طبی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
ایمبولینس میں دماغی اعصاب کے ماہر (ویکیولر نیورولوجسٹ)، کریٹیکل کیئر نرس، سی ٹی اسکین ماہر اور ایمبولینس ٹیکنیشن شامل ہوتے ہیں۔ یہ ٹیم مریض کو اسپتال منتقل کیے بغیر ہی دماغی معائنے اور فوری علاج کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے فالج کے مریض کی زندگی بچانے اور مکمل صحت یابی کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔
ایمبولینس میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی، الٹرا ساؤنڈ، کیروٹڈ آرٹری امیجنگ اور دیگر جدید تشخیصی آلات شامل ہیں، جو فالج کی ابتدائی علامات کی بروقت شناخت اور فوری مداخلت میں مدد دیتے ہیں۔
یہ سہولت حج کے دوران عازمین کی سلامتی، بروقت علاج اور زندگی بچانے کے لیے سعودی عرب کی جدید میڈیکل ٹیکنالوجی میں دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔