برازیلیا: بادلوں سے اوپر رسی پر چل کر برازیل سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ خطروں کے کھلاڑی نوجوان نے عالمی ریکارڈ بنالیا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق رافیل بریدی بلندی پر ایک رسی پر توازن رکھ کر چلنے میں کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
رافیل بریدی نے بادلوں سے اوپر ایک پٹی پر واک کرکے ناصرف دنیا کو حیران کیا بلکہ بلندی پر کی جانے والی چہل قدمی کا بھی نیا ریکارڈ بنالیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے لاوا اگلنے والے آتش فشاں پہاڑ کے اوپر بھی مکمل اعتماد کے ساتھ ایک پٹی پر چلنے کا مظاہرہ کرکے دوسرا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
رافیل نے بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنے گھر کے قریب ناریل کے دو درختوں کے درمیان تار پر چلنے کا مظاہرہ کیا تھا، جس کے بعد وہ اور اُن کے دوست اس کام کو کھیل کے طور پر انجام دیتے تھے۔
بعدازاں انہوں نے ایک سے دوسرے پہاڑ پر اسی طرح جانے کا مظاہرہ بھی کیا۔
رافیل کے مطابق انہوں نے تار یا رسی پر چلنے کی تربیت کسی سے حاصل نہیں کی بلکہ وہ گھر پر ایک ٹانگ پر کھڑے ہوتے تھے۔