کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ شاہد رسام نے اسلامی تاریخ کا سب سے بڑا قرآن پاک تیار کرکے تاریخ ہی بدل ڈالی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کا نسخہ اگلے ماہ دبئی میں ہونے والی ’دبئی ایکسپو‘ میں پیش کیا جائے گا۔
شاہد رسام کی جانب سے تیار کیا جانے والا قرآن پاک لگ بھگ ساڑھے 14 سو برسوں پر محیط اسلامی تاریخ میں ایلومینیم اور سونے سے لکھا گیا دنیا کا پہلا قرآن پاک ہے۔
روایتی طور پر قرآن پاک کو اب تک کاغذ، کپڑے اور چمڑے پر تیار کیا جاتا رہا ہے لیکن پاکستانی آرٹسٹ نے ایلومینیم اور سونے سے الفاظ لکھ کر ایک نیا تصور متعارف کروایا ہے۔
شاہد رسام کا غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک کراچی میں تیار کیا گیا ہے، فریم کے سائز کو چھوڑ کر قرآن پاک 8.5 فٹ لمبا اور 6.5 فٹ چوڑا ہے۔
شاہد رسام کے مطابق قرآن کے ایک صفحے پر 150 الفاظ درج ہیں جب کہ قرآن پاک کے کل صفحوں کی تعداد 550 ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد رسام اس سے قبل 2000 میں ایلومینیم اور سونے سے اللہ کے 99 نام تیار کرکے متحدہ عرب امارات کی العین یونیورسٹی سے آرٹسٹ آف دی ایئر کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔