ورلڈکپ: قومی ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ کرنے کیلئے ہائی پروفائل کمیٹی قائم

اسلام آباد: کرکٹ کا عالمی کپ رواں سال بھارت میں منعقد ہوگا، پاکستان ٹیم کے ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے کے معاملے پر ہائی پروفائل کمیٹی قائم کردی گئی۔
ہائی پروفائل کمیٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق فیصلہ کرے گی، جس کے سربراہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔
اس کمیٹی میں وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ اور طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہ اور سیکریٹری خارجہ بھی ہائی پروفائل کمیٹی میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی بھارت میں ورلڈکپ سے متعلق تمام امور پر سفارشارت مرتب کرے گی، جن کی روشنی میں ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔

 

Bilawal Bhutto zardariCricket World cupfederal ministerHigh Profile Committee FormedIndiaMaryam AurangzebMaulana Asaad MahmoodothersPakistan cricket teamRana Sana Ullah