ورلڈ چیمپئن شپ لیجنڈز: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو بھی زیر کرلیا

لندن: پاکستان چیمپیئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان لیجنڈز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی جانب سے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 54، شرجیل خان 35، صہیب مقصود 22 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ اننگز کے اختتامی لمحات میں عامر یامین نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 تک محدود رہی، ڈوین اسمتھ 64 رنز بناکر نمایاں رہے، تاہم ان کے علاوہ کوئی بیٹر پاکستان بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا۔
جوناتھن کارٹر 34، چیڈوک والٹن 16 اور جروم ٹیلر 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار گیندبازی کی، انہوں نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ پاکستان لیجنڈز نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Pakistan beat West indiesshahid afridishoaib malikSohail TanveerWorld Championship Of Legends