پٹس برگ: کیا آپ یقین کریں گے کہ دُنیا کا سب سے بڑا فرائی پین 18 فٹ کا ہے۔ سوشل میڈیا پر آج کل دنیا کے سب سے بڑے فرائی پین کے چرچے ہیں جو 18 فٹ لمبا اور 14,360 پونڈ (6.5 ٹن) وزنی ہے جب کہ اسے ڈھلواں لوہے (کاسٹ آئرن) سے بنایا گیا ہے۔
چند روز قبل اسے امریکی شہر پٹس برگ کی ایک مرکزی شاہراہ پر ایک بڑے ٹرالر میں جاتے ہوئے دیکھا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے حیران ہو کر فوراً اس کی تصویریں بھی شیئر کرا دیں۔
خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا کے اس سب سے بڑے فرائی پین کو ’لاج کاسٹ آئرن میوزیم‘ میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا جو جنوبی پٹس برگ میں زیرِ تعمیر ہے۔
ہینڈل سے لے کر مخالف سرے تک اس کی لمبائی 18 فٹ ہے لیکن اب تک گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کے لیے اس حوالے سے کوئی درخواست جمع نہیں کروائی گئی ہے۔
’لاج کاسٹ آئرن میوزیم‘ میں ڈھلواں لوہے کی مختلف مصنوعات اور ان کی تیاری کے مراحل بطور نمائش رکھے جائیں گے جب کہ یہ دیوقامت فرائی پین اس عجائب گھر کے باہر نصب کیا جائے گا، تاکہ لوگوں کو اس طرف متوجہ کیا جاسکے۔
توقع ہے کہ یہ میوزیم اس سال مئی یا جون تک مکمل ہوجائے گا اور عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔