اوریگون: پالتو کتیا نے قریباً 25 انچ لمبے کانوں کے ساتھ اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروالیا ہے۔
کُون ہاؤنڈ نسل سے تعلق رکھنے والی اس کتیا کا نام ’لو‘ ہے اور یہ امریکی ریاست اوریگون میں رہنے والی خاتون، پیج اولسن کی پالتو ہے، یہ پچھلے تین سال سے ان کے پاس ہے۔
اگرچہ کُون ہاؤنڈ نسل کے کتے اپنے لمبے کانوں کی وجہ سے مشہور ہیں، لیکن ’لو‘ ان میں بھی زیادہ لمبے کان رکھتی ہے۔
پیج اولسن کو اندازہ تھا کہ دوستانہ مزاج رکھنے والی ’لو‘ کے کان غیر معمولی طور پر لمبے ہیں، لیکن انہیں اس کے کانوں کی لمبائی ناپنے کا موقع نہیں مل رہا تھا۔
البتہ، گزشتہ برس کووِڈ 19 کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران جب انہوں نے ’لو‘ کے کانوں کی لمبائی ناپی تو پتا چلا کہ اس کا ہر کان 12.38 انچ لمبا ہے، یعنی اس کے دونوں کان مجموعی طور پر 24.76 اِنچ لمبے (25 انچ سے معمولی کم) ہیں۔
یہ معلوم ہوجانے کے بعد انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے رابطہ کیا۔ البتہ عالمی وبا کی وجہ سے اس امر کی باضابطہ تصدیق چند روز پہلے ہی ممکن ہوئی۔
اب ’لو‘ کے پاس دنیا میں سب سے لمبے کانوں والی کتیا کا اعزاز ہے جب کہ اس کا نام بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے 2022 ایڈیشن میں اشاعت کے لیے منظور کرلیا گیا ہے۔