جلد کچرے سے بجلی بنانے کے پروجیکٹ پر کام شروع ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، اسپین اور چین کی کمپنیوں کے درمیان ضلع وسطی اور کورنگی میں صفائی کا کام شروع کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
چائنیز کمپنی کورنگی اور اسپینش کمپنی وسطی کراچی میں کام کریں گی، اگست کے دوسرے ہفتے میں دونوں اضلاع میں کام شروع کرے گی، چینی کمپنی کراچی میں صفائی ستھرائی کا پلانٹ بھی لگارہی ہے۔
اس کے علاوہ 40 میگاواٹ کا کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا پاور پلانٹ بھی لگائے گی، ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے 2016 میں ضلع جنوبی اور شرقی میں کام شروع کیا تھا، 2017 میں ضلع غربی، کیماڑی اور ملیر میں کام شروع ہوا تھا، آج سے ضلع وسطی اور کورنگی میں کام شروع ہوجائے گا۔
ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر چنا کا کہنا تھا کہ اس طرح پورے کراچی کی صفائی کا کام آؤٹ سورس ہوجائے گا۔ کام شروع کرنے کے معاہدہ پر ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایم ڈی زبیر چنا اور سی ای او اوبرسر جیمی مارٹن دستخط کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ اب پورے شہر کے میونسپل علاقے سے سولڈ ویسٹ کی کلیکشن اور ڈمپنگ ہوگی، شہر کراچی سے صفائی کے کام کی مانیٹرنگ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ذمے داری ہے، پورے شہر کی ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورس ہوگئی ہے، ہم ویسٹ سے انرجی پر کام کررہے ہیں، جلد کچرے سے بجلی بنانے کے پروجیکٹ پر کام شروع ہوجائے گا، پرائیویٹ فرمز سے کام لینا ایس ایس ڈبلیو ایم بی اور ڈی ایم سیز کی ذمے داری ہے۔
تقریب میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی نوید شیخ، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لائق احمد، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ خالد چاچڑ، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنا شریک ہوئے۔

chinacompaniesMurad Ali Shahout sourcespainwaste management karachi