اسلام آباد: بلیک لسٹ میں سے 5 ہزار 807 افراد کو نکالنے کی وزارت داخلہ نے سفارش کی ہے۔
نجی َٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کا بلیک لسٹ پاسپورٹس کے حوالے سے اہم اقدام سامنے آیا ہے، جائزہ کمیٹی نے بلیک لسٹ کیٹیگری بی میں سے 5 ہزار 8 سو 7 افراد نکالنے کی سفارش کردی ہے، بلیک لسٹ میں مجموعی طور پر 42 ہزار 7 سو 25 افراد موجود ہیں اور بلیک لسٹ سے افراد کو نکالنے کا فیصلہ تمام متعلقہ محکموں کی مشاورت سے کیا گیا۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ کی جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ اور امیگریشن ڈائریکٹوریٹ شہریوں کی سہولت کے ہر ممکن اقدامات کرے، جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں میرٹ پر بلیک لسٹ قرار دیے گئے افراد کا نام نکالنے پر غور کیا جائے گا۔
جائزے کی ہدایت پر کمیٹی کا اجلاس سال میں 2 بار باقاعدگی سے منعقد ہوگا، جائزہ کمیٹی میں بلیک لسٹ قرار دیے گئے افراد کا نام نکالنے کے لیے متعلقہ اداروں سے مشاورت کی جائے گی۔