کیلیفورنیا: تھریڈز میں پانچ دنوں کے دوران 10 کروڑ صارفین بنالیے، ٹوئٹر کے حریف پلیٹ فارم تھریڈز نے ریلیز کے بعد پانچ دنوں میں ہی 10 کروڑ اکاؤنٹس کا سنگِ میل عبور کرلیا، سماجی رابطے کا پلیٹ فارم 6 جولائی کو لانچ کیا گیا تھا۔
ٹریکنگ ویب سائٹ کوئیور کوئینٹ کے مطابق لانچ کے بعد پلیٹ فارم پر دو گھنٹوں میں 20 لاکھ، چار گھنٹوں میں 50 لاکھ اور سات گھنٹوں میں 1 کروڑ افراد نے اکاؤنٹ بنایا جب کہ 24 گھنٹوں کے دورانیے میں 3 کروڑ سے زائد افراد اپنا اکاؤنٹ بناچکے تھے۔
میٹا کے ذیلی پلیٹ فارم تھریڈز کے صارفین کی بڑھتی تعداد اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ پلیٹ فارم کو پرائیویسی وجوہ کے سبب یورپی یونین میں متعارف نہیں کرایا گیا۔
اب تک اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی بوٹ ہی تیزی سے پھیلتی کنزیومر پروڈکٹ تھی۔ چیٹ جی پی ٹی نے 40 دنوں تک روزانہ 1 کروڑ صارفین اور قریباً دو ماہ تک 10 کروڑ ماہانہ صارفین کا سنگِ میل عبور کیا تھا۔
یہ تھریڈز کا پہلا مہینہ ہے اور اس نے 10 کروڑ ماہانہ فعال صارفین کی حد عبور کرلی ہے، لیکن صارفین کو پلیٹ فارم سے جوڑے رکھنا اصلی امتحان ہوگا۔