اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے دہشت گرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں، جنگ میں شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کررہا ہے، بلوچ عوام کی مدد سے ہم اس پراکسی جارحیت میں افغانستان اور بھارت کو شکست دیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اسٹیٹ کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، جو ہمارے دشمن ہیں یہ ان کے ایجنٹ ہیں، یہ دشمنوں کی پشت پناہی سے ہم پر حملہ کرتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پچھلی دہائیوں میں بلوچستان میں ترقی ہوئی، سڑکیں اور تعلیمی ادارے بنے، جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے، اپنے وسائل پر بھی بلوچوں کو مکمل طور پر حق ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عام لوگوں کے ساتھ ہے، بلوچستان میں دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، بلوچ قوم کی مدد سے ہم بھارت اور افغانستان کو شکست دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا جانتی ہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ہماری کسٹڈی میں ہے، پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔