واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میری حکومت کے بعد امریکا دُنیا بھر میں اپنا اثر رسوخ کھوبیٹھا ہے، فرانس جیسا دوست بھی چین کے کیمپ میں چلا گیا۔
سابق صدر ٹرمپ نے فرد جرم عائد ہونے اور گرفتاری کے بعد پہلی بار امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون میرا بہترین دوست ہوا کرتا تھا، لیکن اب وہ امریکا سے دُور ہوکر چین کے ساتھ پینگیں بڑھا رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب سے میری حکومت ختم ہوئی ہے امریکا کا دنیا میں اثر و رسوخ ختم ہوگیا۔ موجودہ حکومت نے امریکا کی جغرافیائی اور سیاسی قوت کو ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جس کی ایک مثال فرانسیسی صدر کی چین سے قربتیں ہیں جو میرے زمانے میں امریکا کا بہترین دوست ہوا کرتا تھا۔
خیال رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون گزشتہ ہفتے چین کے سرکاری دورے پر پہنچے اور پریس کانفرس میں یورپیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ خود کو امریکی خارجہ پالیسی میں جکڑے نہ رکھیں۔
ایک صحافی کے جواب میں فرانسیسی صدر میکرون نے یہ بھی کہا تھا کہ یورپی ممالک کو تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں نہیں پھنسنا چاہیے۔
دھیان رہے کہ چین نے تائیوان پر کنٹرول حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جب کہ امریکی حکومت نے اپنے دفاع میں تائیوان کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔