کراچی: سندھ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے اس سال موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعطیلات کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔
ترجمان محکمۂ تعلیم کے مطابق صوبے کے تمام اسکول، کالجز اور جامعات میں موسمِ سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔ اس مدت کے دوران تمام تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور طلبہ و طالبات کو سردی کے باعث درپیش مشکلات سے بچانے کے لیے ادارے بند رکھے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ تمام تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ حسبِ معمول اپنی تدریسی سرگرمیاں شروع کریں گے۔ تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ تعطیلات کے باوجود تمام تعلیمی بورڈز کے ضمنی امتحانات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
محکمۂ تعلیم کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے شیڈول کی منظوری موسم کی صورت حال، والدین کے مطالبات اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد دی گئی ہے، تاکہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔