اسلام آباد: بجلی معاہدوں سے متعلق حکومتی ٹاسک فورس اور آئی پی پیز کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں لال پیر پاور کمپنی کے بعد حب پاور کمپنی بھی قبل ازوقت معاہدہ ختم کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔
حب پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کل ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جب کہ لال پیر پاور کا بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اسی حوالے سے ہنگامی اجلاس آج ہورہا ہے۔دونوں آئی پی پیز کے بورڈ اجلاس میں بجلی معاہدے قبل ازوقت ختم کرنے کی منظوری لی جائے گی۔
لال پیر پاور پلانٹ 362 میگاواٹ اور حب پاور کا 1200 میگاواٹ کا حامل پاور پلانٹ ہے۔ لال پیر پاور کمپنی اور حب پاور کمپنی نے اہم پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو خطوط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ لال پیر پاور اور حب پاور کے بجلی معاہدے 2027 میں ختم ہورہے ہیں۔